ڈھاکہ۔6فروری (اے پی پی):بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل)کے گیارہویں ایڈیشن کا فائنل میچ دفاعی چیمپئن فارچیون باریشال اور چٹاگانگ کنگز کے درمیان کل (جمعہ کو) کھیلا جائے گا۔ دفاعی چیمپئن فارچیون باریشال کی ٹیم پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی تھی جب فارچیون باریشال نے کوالیفائر ون میں چٹاگانگ کنگز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ چٹا گانگ کنگز نے کوالیفائر ٹو میچ میں کھلنا ٹائیگرز کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل)کے دلچسپ مقابلے بنگلہ دیش میں جاری ہیں جو اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہوگیا ہےجس میں دنیا کے نامور کرکٹر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں اور شائقین کرکٹ کو دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے چیمپئن کا فیصلہ کل جمعہ کو ہوگا ،جس میں دفاعی چیمپئن فارچیون باریشال اور چٹاگانگ کنگز کی ٹیمیں شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، ڈھاکہ میں پنجہ آزمائی کریں گی۔ دفاعی چیمپئن فارچیون باریشال کو مایہ ناز بلے باز تمیم اقبال لیڈ کریں گے جبکہ چٹاگانگ کنگزکی ٹیم کو محمد متھن لیڈ کریں گے۔فائنل میچ میں کامیابی کے لئے دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ فائنل میچ انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار ہوگا۔