جینوا۔17اکتوبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت’ ڈبلیو ایچ او‘ نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباکا مقابلہ کرنے کے لیے کئی یورپی ممالک میں پابندیاں نہایت ضروری ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر برائے یورپ ہانس کلُوج نے اس خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ میں انفیکشن کے نئے کیسز کی یومیہ تعداد رواں ماہ دو مرتبہ 1 لاکھ 20 ہزار سے متجاوز رہی ہے جس کے باعث عالمی وباکا مقابلہ کرنے کے لیے کئی یورپی ممالک میں پابندیاں نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپ میں اپریل کے مقابلے میں یومیہ انفیکشنز کی تعداد دو گنا سے تین گنا ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال داخل ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مصدقہ کیسز میں اضافے کی جزوی وجہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ افراد کا کورونا ٹیسٹ کرنا ہے۔ کلُوج نے ہسپتالوں میں علاج معالجے میں بہتری کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد پہلے کے مقابلے میں کم ہو کر پانچواں حصہ رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کو موسم سرما میں یورپی ممالک میں انفلوائنزا پر قریبی نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے ، فلُو اور کووِڈ 19 کی دہری وبا کے پھیلاؤ سے طبی اداروں پر مزید بوجھ بڑھنے کا خدشہ ہے۔