اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):کووڈ19کی معاشی تباہ کاریوں کے تدارک کیلئے ” عوام کیلئے پالیسیز” کی بنیاد پرخواتین ، نوجوانوں ، تعلیم اور تربیت پر سرمایہ کاری کو اولین ترجیحات میں شامل کیاجائے۔ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے اپنے ایک تحقیقی مقالہ میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا سے قبل کے ماحول میں واپسی ایک قدرتی خواہش ہوسکتی ہے تاہم ہم ماضی کی معاشی صورتحال میں واپس نہیں جاسکتے کیونکہ کووڈ 19کی وجہ سے ہمیں سست شرح نمو پیداوار میں کمی کے مسائل کے علاوہ بڑھتی ہوئی عدم مساوات اور ماحولیاتی بحرانوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کی عالمی اقتصادی سست روی کے معاشی مسائل دور کرنے کیلئے اقدامات کر تے آ رہے ہیں تاکہ اپنی دنیا کو پرکشش، محفوظ اور شفاف بناسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اہداف کے حصول کیلئے ہمیں عوام کیلئے پالیسیز کی بنیاد پر خواتین، نوجوان طبقہ ، تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت پر سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ19عی عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر کے مختلف ممالک میں دس لاکھ سے زیادہ انسان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ مزید کروڑوں افراد غربت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور وبا کے نتیجہ میں بژے پیمانے پر بے روز گاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19کی وبا سے ترقی پذیر اور کم آمدنی والے ممالک میں صحت اور تعلیم کے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کی صورتحال میں تو واپس نہیں جاسکتے کیونکہ عالمی سطح پر سست شرح نمو ، کم پیداوار ، بڑھتی ہوئی عدم مساوات اور ماحولیاتی تباہ کاریوں جیسے مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے مستقبل کو پرکشش اور محفوظ وشفاف بنانے کیلئے صحت ، تعلیم ، روزگار اور ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا اور اس کیلئے عالمی برادری کے مربوط اور شراکت داری پر مبنی جامع اقدامات اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔