کراچی۔18نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہاہے کہ انہوں نے گزشتہ سال وعدہ کیا تھا کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 اپنے آغاز سے اختتام تک پاکستان میں ہی ہوگی،ایونٹ کے تعطل کے دوران بھی انہوں نے اسی وعدے کو دہرایاتھا اورانہیں خوشی ہے کہ ہر طرح کے چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے بعد وہ ملک میں کرکٹ کے مداحوں کے لیے ایک مکمل اور کامیاب ایونٹ کے انعقاد کو یقینی بناسکے ہیں۔بدھ کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ کھیل فینز کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نیشنلاسٹیڈیم کراچی میں لاہور اور کراچی کے مابین کھیلا گیاایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا تماشائیوں کے بغیر ہوا اور ہمیں اس دوران ان کی کمی شدت سے محسوس ہوئی ، ہم یہ تصور کرسکتے ہیں کہ اگر حالات معمول پر ہوتے تو اس ایونٹ کی فاتح ٹیم اپنی جیت کا جشن تماشائیوں کے سامنے کس شاندار انداز سے مناتی۔احسان مانی نے کہا کہ وہ ان تمام مداحوں کے مشکور ہیں جو بھرپور انداز سے ٹی وی سکرین، لائیو سٹریمنگ اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر متحرک رہے، ان فینز نے ایک منظم انداز سے لیگ کے برانڈ کی قدر و منزلت بڑھانے کے ساتھ ایسے پلیٹ فارمز پر دنیا کے سامنے پاکستان کا ایک مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی اپنا حصہ ڈالا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ملک میں ہر لمحہ بدلتی کورونا وائرس کی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اسے پیش نظر رکھتے ہوئے ہم متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے کوئی ایسا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے کہ جس سے آئندہ سال ایچ بی ایل پی ایس ایل اور دیگر انٹرنیشنل میچوں میں فینز کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل سکے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ اس موقع پر حکومت سندھ اور مقامی سیکورٹی ایجنسیز کی جانب سے بھرپور تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں کہ جنہوں نے پاکستان کرکٹ کو ایک کامیاب ایونٹ کے انعقاد کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ احسان مانی نے کہا کہ اس دوران پی سی بی کے اسٹاف نے کورونا وائرس کی وجہ سے درپیش کئی چیلنجز کے باوجود دن رات ایک کرکے اس ایونٹ کوکامیاب بنایا، یہی نہیں ان کی انتھک محنت اور کاوش سے پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن 2020-21 کے 55 فیصد مقابلے بھی کامیاب انداز میں منعقد ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈومیسٹک سیزن 2020-21 کے کامیاب انعقاد کے لیے پرامید ہیں، ہم آئند سال 2020-21 کے جنوری فروری میں شیڈول اپنے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے منتظر ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ پلے آف میچز میں شرکت کے لیے کراچی آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، اس سے ہم اس لیگ کی قدر کی اہمیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ احسان مانی نے کہا کہ وہ آخر میں اپنے تمام کمرشل پارٹنرز، خصوصی طور پر ایچ بی ایل کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں کہ جس طرح انہوں نے ہمیں اسپورٹ کیا۔ وہ میڈیا کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے اخباروں، ٹی وی کے پرائم بلیٹنز اور اپنے ڈیجٹل پلیٹ فارمز پر لیگ کی کوریج کی۔