اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں معاشی ٹیم کی ملکی معیشت کو پائیدار بنانے کے لئے انتھک محنت رنگ لا رہی ہے، ماضی کی حکومتوں کی کرپشن، منی لانڈرنگ، جعلی اکائونٹس سے ملک ڈیفالٹ کے دہانے تھا۔
فرخ حبیب نے اپنے بیان میں کہاکہ جب ہمیں حکومت ملی زرمبادلہ کے ذخائر آدھے تھے،سابقہ حکومت کی گروتھ کریڈیٹ کارڈ گروتھ تھی ، ہماری حکومت نے مصنوعی طور پر شرح نمو میں اضافہ نہیں کیا۔
وزیر مملکت نے کہاکہ کوویڈ19 جیسے عالمی چیلنج سے ترقی یافتہ ممالک کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی،گزشتہ 3 برسوں میں جی ڈی پی میں 5.37 فیصد نمو کاحصول کامیاب حکمت عملی کا مظہر ہے، ہمارے اقدامات کی وجہ سے گردشی قرضوں میں کمی آئی ہے،پی ٹی آئی حکومت کی اقتصادی اصلاحات کابین الاقوامی سطح پر اعتراف ہماری کامیاب حکمت عملی پر مہر ثبت کرنا ہے۔
گزشتہ سال زراعت نے 3.48 فیصد، صنعتیں 7.79 فیصد اورخدمات کے شعبہ نے 5.70 فیصد کی بڑھوتری دکھائی،ری بیسنگ اورمعیشت میں تبدیلی کی وجہ سے جی ڈی پی مارکیٹ پرائس سال 2021 میں 55.5ٹریلین روپے ہوگئی ،مجموعی قومی آمدن 59.3 ٹریلین روپے ، فی کس آمدنی 266,614 (1666 ڈالر) ہوگئی ہے،پاکستان کی معیشت کا حجم 346.76 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، کوویڈ19 کی عالمگیروبا کے بعد سال 2020-21 بحالی کا سال تھا۔