کوٹ مومن انٹرچینج پر خوفناک ٹریفک حادثہ، 4افراد جاں بحق، 13 مسافرشدید زخمی

222
Road accident

سرگودھا۔21ستمبر (اے پی پی):لاہور اسلام آباد موٹروے ایم ٹو پرکوٹمومن انٹرچینج پر خوفناک ٹریفک حادثہ کے نتیجہ میں 4افراد جاں بحق جبکہ 13افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تھانہ کوٹ مومن پولیس کے مطابق کوٹ مومن انٹر چینج کے نزدیک لاہور اسلام آباد موٹروے ایم ٹو پرپشاور سے لاہور جانے والی شالیمار کمپنی کی مسافر بس نمبری CAF-4457 پشاور سے لاہور جارہی تھی کہ اسکا فرنٹ کنڈیکٹر سائیڈ والا ٹائر برسٹ ہو گیا جس کے نتیجہ میں بس خوفناک حادثے کا شکار ہوکر اُلٹ گئی۔

تھانہ کوٹ مومن پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیااور چاروں نعشوں جن میں نذیر خان ولد ظریف سکنہ ہائے پشاور،نور بی بی ولد شیر زمان سکنہ ہائے پشاور،ہادیہ بی بی زوجہ جوہر علی سکنہ ہائے پشاور اور ایک نامعلوم عورت کو قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ اس حوالے سے موٹروے پولیس کی جانب سے بھی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ٹائر پھٹنے کے باعث مسافر بس موٹروے پر الٹ گئی حادثے کے باعث موٹروے پر کافی وقت تک ٹریفک بند رہی۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)شعیب علی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران کے ہمراہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹمومن پہنچ گئے،ایم ایس کو حادثہ کے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے حادثہ کی جگہ کا بھی معائنہ کیااورپولیس سے حادثہ کی تفصیلات حاصل کیں۔

زخمیوں میں دانیال،ثمینہ بی بی، مسلم خان،ناظر علی،شکیلہ بی بی، ہری بی بی، انتظار حسین، اُوزیر خان، عائشہ بی بی،محمد فاروق،محمدخان،ارشد محمود،مسعود خان، اکرام اللہ،رحمت گل اور راجہ ولی شامل ہیں۔