کوپ 27 اجلاس میں پاکستان کوگلوبل شیلڈ کی فہرست میں شامل کرناشاندار کامیابی ہے ، سپیکر قومی اسمبلی

126
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نےکلائمیٹ چینج (آب و ہوا میں تبدیلی )کے بارے میں کوپ 27 سربراہی اجلاس میں پاکستان کو ‘گلوبل شیلڈ فنڈنگ ممالک’ کی فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان اور دیگر چھ ممالک ‘گلوبل شیلڈ’ حاصل کرنے والے پہلے ممالک ہوں گے۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے اس فیصلے کو پاکستان کی پارلیمانی اور خارجہ سفارتکاری کی شاندار کامیابی قرار دیا اور کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی نے حال ہی میں روانڈا میں منعقدہ آئی پی یو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں گلوبل کلائمیٹ فنڈ کے قیام کی قرارداد پیش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ آئی پی یو کی جنرل اسمبلی اجلاس میں پیش کردہ قرارداد کا عنوان موسمیاتی تبدیلی سے وابستہ نقصانات سے نمٹنے کے لیے موسمیاتی خطرات سے دوچار ممالک کے لیے ایک عالمی فنڈ کے قیام کی سہولت کی تشکیل تھی۔

یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے اگست 2022 میں کینیڈا میں ہونے والی 65 ویں دولت مشترکہ کی پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کے دوران پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا تھا۔

مزید برآں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی رواں سال قومی اسمبلی کے زیر اہتمام منعقدہ پائیدار ترقیاتی اہداف پر ایشیا پیسیفک ریجن کی پارلیمانوں کے لیے تیسرے آئی پی یو ریجنل سیمینار کے موقع پر ایشیا پیسیفک کی پارلیمانوں کو پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے متعلق بھرپور انداز میں آگاہ کیا تھا اورسیلاب متاثرین کی حالت زار کے بارے میں کھل کر بات کی تھی۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کی قیادت میں پارلیمانی وفد کی مصر میں اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ چینج (COP27) کی کانفرنس کے 27ویں اجلاس میں شرکت اور سمٹ میں پاکستانی موقف کو بھرپور انداز میں پیش کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔کلائمیٹ چینج یا آب و ہوا میں تبدیلی کے بارے میں اقوام متحدہ کی کانفرنس میں عالمی رہنما ئوں نے دنیا کو درپیش آب و ہوا میں تبدیلی کے مسئلے پرگفت و شنید کی۔