21.6 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومقومی خبریںکوپ27 کانفرنس سے پاکستان اور مشرق وسطی میں ترقی کی نئی راہیں...

کوپ27 کانفرنس سے پاکستان اور مشرق وسطی میں ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی، حافظ طاہر محمود اشرفی

- Advertisement -

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کےنمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو (ایم جی آئی) اور اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن آف پارٹیزکوپ 27 کانفرنس سے پاکستان اور مشرق وسطی کے ممالک میں ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔

طاہر اشرفی جو پاکستان علمائے کونسل کے چیئرمین بھی ہیں نے اے پی پی کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایم جی آئی نے بین الاقوامی پائیداری کی کوششوں کے لیے سعودی عرب کے عزم کی نشاندہی کی ہے اور خطے کو اس قابل بنایا کہ وہ واضح طور پر ایک بھرپورروڈ میپ وضع کر کے کرہ ارض کی حفاظت میں معاونت کر سکے اور عالمی اہداف کے حصول میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی رہنما عالمی سطح پر باہمی اور بین المذاہب مکالمے کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز کے بارے میں مسلسل آگاہی پیدا کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں اور حکومت مصر کے تعاون سے ماحولیات کی عالمی کانفرنس نے عالمی سطح پر بالعموم اور عالم اسلام میں بالخصوص ایک موثر اور مثبت سمت کا تعین کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان نہ صرف امت مسلمہ بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک عظیم اور بصیرت آمیز رہنما کے طور پر ابھرے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کے علاوہ پہلے ہی سعودی ولی عہد کے سعودی اور مشرق وسطی کے گرین انیشیٹوز کے وژن کا خیرمقدم کیا ہے۔

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے ملتوی ہونے کے حوالے سے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دورہ سعودی ولی عہد کی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق ولی عہد نے نہ صرف اپنا دورہ پاکستان ملتوی کیا بلکہ بعض دیگر ممالک کے دورے بھی موخر کر دیئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی ان کا دورہ ری شیڈول ہوگا، اس سے متعلقہ حلقوں کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات کا سعودی ولی عہد کے دورے کے ملتوی ہونے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ منفی عناصر کی طرف سے پھیلائی جانے والی افواہوں سے گمراہ نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد نہ صرف سرکاری مہمان ہیں بلکہ پاکستانی قوم کی سب سے پیاری شخصیت ہیں جن کا وطن پہنچنے پر تاریخی استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات نہ صرف سفارت کاری پر مبنی ہیں بلکہ ایمان اور یقین پر بھی ہیں جنہیں کسی پروپیگنڈے یا سازش سے متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=337012

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں