کوچ سے اختلافات کی خبروں کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کا تربیتی کیمپ چھوڑدیا

پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چھوڑ دیا ہے

لزبن۔1اکتوبر (اے پی پی):پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چھوڑ دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے فیصلے کی وجوہات مناسب وقت پر پرتگالی عوام کے سامنے بیان کریں گے۔ بی بی سی کے مطابق کرسٹیانو رونالڈوتربیتی کیمپ سے اس وقت روانہ ہوئے جب پرتگال کے ہیڈ کوچ جارج جیسس نے ٹیم میں کسی اختلاف کی تردید کی تھی۔ اس سے قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ 5 مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے تربیتی سیشن میں شرکت سے انکار کیا تھا۔ 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ پر غور کیا تھا، تاہم 1،000 کیریئر گولز کا سنگ میل حاصل کرنے کی خواہش کے باعث کھیل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ کرسٹیانو رونالڈو کو موجودہ بین الاقوامی وقفے کے لیے پرتگال کے 25 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا اور انہوں نے ویلز کے خلاف نیشنز لیگ کے ابتدائی میچ میں شرکت بھی کی۔ تاہم اتوار کو ناروے کے خلاف پرتگال کی 1-2 سے کامیابی میں وہ میدان میں نہیں اترے اور میچ کے اختتام پر ٹیم کے ساتھ شائقین کا شکریہ ادا کرنے کے بجائے سیدھے ڈریسنگ روم چلے گئے۔ جارج جیسس نے ڈنمارک کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ ان کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کو بتایا گیا تھا کہ وہ ابتدائی ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے، تاہم ضرورت پڑنے پر بعد میں میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔ کوچ نے کرسٹیانو رونالڈوکی منگل کی تربیت میں عدم شرکت سے متعلق رپورٹس کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معمول کی تربیت کے بجائے جسمانی مضبوطی اور نقل و حرکت سے متعلق انفرادی مشقیں کرائی گئی تھیں اور بدھ کو وہ ٹیم کے ساتھ معمول کے مطابق تربیت کرنے والے تھے۔ تاہم کرسٹیانو رونالڈو ڈنمارک میں ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ میدان میں نظر نہیں آئے۔ بعد ازاں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلان کیا کہ پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے صدر سے گفتگو کے بعد انہوں نے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ وہ مناسب وقت پر پرتگالی عوام کو ان وجوہات کی حقیقت بتائیں گے جن کی بنیاد پر انہوں نے کیمپ چھوڑا۔ پرتگال نے ناروے کے خلاف فیصلہ کن گول گونزالو راموس کی مدد سے کیا تھا اور کوچ جارج جیسس نے پہلے ہی واضح کیا تھا کہ ڈنمارک کے خلاف بھی راموس کو کرسٹیانو رونالڈو پر ترجیح دی جائے گی۔ پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے کرسٹیانو رونالڈو کی کیمپ سے روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈنمارک اور ناروے کے خلاف آئندہ میچز کی تیاری 24 دستیاب کھلاڑیوں کے ساتھ معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

مزید خبریں