فیصل آباد۔ 30 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے کے واقعات کی روک تھام کیلئے مانیٹرنگ میکنزم کو مزید مؤثر بنایا جارہا ہے جبکہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی انسانی صحت اور ماحول پر سموگ کے منفی اثرات کے پیش نظر بھرپور انتظامی و انسدادی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ سموگ کی صورتحال کو کنٹرول کرنا انتہائی ضروری ہے جس کیلئے اجتماعی اور انفرادی سطح پر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی یونین کونسل میں عملہ صفائی کی جانب سے کوڑاکرکٹ کو آگ لگائے جانے کی شکایت یا واقعہ رونما ہونے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اسسٹنٹ منیجر کی ہو گی جبکہ متعلقہ افسر و ماتحت عملہ کے خلاف سخت کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ شہری حدود میں شامل کچی سڑکوں کا سروے بھی کیا جارہاہے اور وہاں مؤثر پلاننگ کے ذریعے روزانہ پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے گااس کے علاوہ کوڑ اکرکٹ کی شہر سے باہر منتقلی کے دوران گاڑیوں کو جال یا ترپال کے ساتھ ڈھانپ کر لے جایا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ سموگ کے خطرات سے بچنے کیلئے شہری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں تاکہ صحت کا تحفظ کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ شہریوں کو بھرپور آگاہی مہم کے ذریعے سموگ سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر بارے بھی بتائیں جبکہ سینٹری ورکرز کی تربیت کیلئے روزانہ کارنر میٹنگز کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔