اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):کوکاکولا پاکستان نے پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) کے ساتھ مل کر حکومت پنجاب کے سکول نیوٹریشن پروگرام کی حمایت کا آغاز کیا ہے۔ کوکا کولا پاکستان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں پرائمری سکول کے بچوں میں غذائی کمیوں کو دور کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں بہتر غذائی انتخاب کرنے کی رہنمائی دی جا سکے جو ان کی جسمانی نشوونما، ترقی اور تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنائے۔ پی ایف اے نے اس پروگرام کے اثرات کو بڑھانے کے لئے کوکاکولا کے ساتھ شراکت داری کی ہے کیونکہ یہ مشترکہ کوششیں غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں اہمیت رکھتی ہیں۔
کوکاکولا پاکستان نے اس اہم اقدام کی حمایت کے لئے اعلیٰ معیار کے غذائیت سے بھرپور کھانے کے باکسز فراہم کئے ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور کوکاکولا کی ٹیم نے لاہور کے ایس او ایس ولیج سکول، فیروزپور روڈ کے طلباء میں یہ غذائیت سے بھرپور کھانے کے باکسز تقسیم کئے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید آصف جاوید نے کہا کہ سکول نیوٹریشن پروگرام ہمارے مستقبل کی نسلوں کی فلاح کے لئے ایک اہم قدم ہے، ہم کوکا کولا پاکستان کے شکرگزار ہیں جن کی حمایت سے ہمیں بچوں کو غذائیت سے بھرپور کھانے فراہم کرنے کی اپنی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی، کوکا کولا پاکستان نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت میں غیر ملکی سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور کمیونٹی کے فلاحی اقدامات کے ذریعے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کوکا کولا کی شفافیت اور ذمہ داری کا ذکر کرتے ہوئے ان کی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ شراکت داری اور صنعت و کمیونٹی پر مثبت اثرات ڈالنے کے لئے ان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ سینئر ڈائریکٹر کوکا کولا پاکستان اور افغانستان ریجن پبلک افیئرز کمیونیکیشنز اینڈ سسٹین ایبلٹی ڈاکٹر فیصل ہاشمی نے کہا کہ کوکا کولا پاکستان اور اس کے ترک بوٹلنگ پارٹنر (سی سی آئی)پاکستان کمیونٹیز کی فلاح کے لئے اقدامات کی حمایت کرنے کے لئے پرعزم ہیں، ہم پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ اس اہم پروگرام میں شراکت داری اور تعاون پر فخر محسوس کرتے ہیں، پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے اور کمیونٹی کی سطح پر اثرات ڈالنے کے لئے کوکا کولا کی عزم کی جھلک ہمارے بڑھتے ہوئے کاروباری آپریشنز اور پائیداری کے اقدامات میں نظر آتی ہے۔
سکول نیوٹریشن پروگرام کا مقصد بچوں میں غذائی کمی کو دور کرنا، ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کو بہتر بنانا اور صحت مند کھانے کی عادات کو فروغ دینا ہے، اس جامع پروگرام میں بچوں کی غذائی حالت کا جائزہ لینے کے لئے مفت وزن، قد اور بی ایم آئی اسکریننگز، پسماندہ اسکولوں میں بچوں کو متوازن اور غذائیت سے بھرپور کھانے کے باکسز کی تقسیم اور طلباء، والدین اور کمیونٹی کے درمیان صحت مند کھانے اور نیوٹریشن کے بارے میں تعلیمی اقدامات شامل ہیں۔
پاکستان میں غذائی کمی اور جسمانی نقائص کے ساتھ ساتھ انیمیا کی شرح بہت زیادہ ہے۔ نیشنل نیوٹریشن سروے کے مطابق پانچ سال سے کم عمر کے 4 میں سے 1 بچہ جسمانی نقائص کا شکار ہے اور 17.7 فیصد بچے کم وزن کے شکار ہیں۔ غذائی کمی کا دوہرا بوجھ ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے کیونکہ تقریباً ایک تہائی بچے کم وزن ہیں جبکہ اس ہی عمر کے گروپ میں اضافی وزن والے بچوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا عزم ہے کہ وہ کھانے کی فراہمی کے تمام مراحل میں صحت اور غذائیت کو اہمیت دے کر بچوں کی صحت کو بہتر بنائے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا اسکول نیوٹریشن پروگرام جیسے اشتراکی اقدامات بچوں کی صحت اور فلاح پر نمایاں اثر ڈالیں گے اور صوبے کے لئے ایک صحت مند مستقبل کی بنیاد فراہم کریں گے۔