واشنگٹن۔7اگست (اے پی پی): امریکا کی ٹینس سٹار کوکو گف نے سٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ 19 سالہ میزبان ٹینس کھلاڑی نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں یونانی حریف کھلاڑی ماریہ ساکاری کو شکست دے کر اپنے کیریئر کا چوتھا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیت لیا۔ سٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 54واں ایڈیشن امریکا میں جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے ۔
ڈبلیو ٹی اے کے زیر اہتمام سٹی اوپن کے دلچسپ مقابلے روک کریک پارک ، واشنگٹن میں جاری ہیں ۔ خواتین کے سنگلز ایونٹ کے فائنل میں امریکی ٹینس سٹار کوکو گف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف یونانی کھلاڑی ماریہ ساکاری کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 3-6 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ 19 سالہ کوکو گف اپریل 2009 کے بعد سے چار ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی نوعمر امریکی کھلاڑی بن گئی ہے۔ویمنز سنگلز ٹائٹل جیتنے پر کوکوگف کو ایک لاکھ 20 ہزار 150 امریکی ڈالرز نقد انعام دیا گیا۔