پشاور۔ 17 اگست (اے پی پی):کوہاٹ کے علاقے ریگی شینو خیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے ملزمان کی تلاش کےلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کوہاٹ پولیس اور ریسکیو 1122 کوہاٹ کے مطابق ریگی شینو خیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ فائرنگ سے ایک شخص زخمی جبکہ 7 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
ریسیکو 1122 اور پولیس کے بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں سے زخمی ہونے والے کو پشاور کے ہسپتال منتقل کیا گیا، ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔پولیس کے ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تانڈہ ڈیم سے پکنک منا کر واپس اپنے گاؤں محمد زئی آ رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، یہ سب آپس میں دوست تھے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 31 سالہ عبدالصمد ولد نورالرحمن، 25 سالہ ساجد ولد عزیزالرحمن ،18 سالہ یوسف ولد محمد عاصم عمر، 18 سالہ اشفاق ولد سید عالم، 15 سالہ مصطفیٰ ولد محمد عالم ، 16 سالہ حمزہ ولد ناصر اور 15 سالہ یاسر ولد صلاح الدین شامل ہیں۔ فائرنگ میں عبدالرزاق ولد نورالرحمن زخمی ہوئے۔تمام افراد کا تعلق خڑہ گھڑی محمد زئی سے ہے۔