اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا پولیس کو کوہاٹ کے لاچی تھانے کی حدود میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
اس دوران اے ایس آئی اشفاق کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔محسن نقوی نے کہا کہ ہم خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے ہمیشہ دہشت گردوں کا بے مثال حوصلے سے مقابلہ کیا ہے،ہم خوارج دہشت گردوں کو کہیں پناہ نہیں لینے دیں گے۔