پشاور۔ 09 دسمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوااسمبلی میں کوہاٹ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ایم پی ایز نے آئل اینڈگیس کی رائلٹی کی عدم ادائیگی کیخلاف ایوان سے علامتی واک آؤٹ کیا، پیر کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر بات چیت کرتے ہوئے کوہاٹ سے منتخب رکن داؤدشاہ نے کیاکہ کوہاٹ ڈویژن کی آئل اینڈگیس مد میں سالانہ چارسوارب روپے کی پیدواری صلاحیت ہے لیکن اسکے باوجود کوہاٹ میں آئل ریفا ئنری ہے نہ ہی کوئی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہے،انہوں نے کہاکہ حلقہ کے عوام ان سے سوالات کرتے ہیں اپنے حق کیلئے اس ایوان میں نہیں بولیں گے توکہاں جائیں گے آج میں اپنے حلقے کے حقوق کیلئے اس ایوان سے علامتی واک آئوٹ کررہاہوں میری درخواست ہے کہ ڈویژن کے دودیگرایم پی ایز میں اس واک آؤٹ کاحصہ بنیں جس کے بعد وہ واک آئوٹ کرگئے ،بعدازاں ڈپٹی سپیکر کے کہنے پر صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم اوراپوزیشن رکن عدنان خان ناراض اراکین کو منانے چلے گئے۔اس موقع پروزیرزراعت سجاد خان نے کہامحرک رکن کاگلہ حقیقت پر مبنی ہے گیس رائلٹی کیلئے وزیراعلیٰ نے دس فیصدسے بڑھاکر پندرہ فیصدکردیاہے یہ کوہاٹ ڈویژن کیلئے ایک تحفہ ہے مالی بحران کے باوجود وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس سال جورائلٹی آئے گی اس کاپندرہ فیصد کوہاٹ ڈویژن پرخرچ ہوگا۔