پشاور۔ 03 مئی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کوہاٹ کے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے بی آر ٹی اور کے-ڈی-اے شیخان تا ڈیم روڈ کو دو رویہ کرنے جیسے مختلف منصوبے زیر غور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کے ڈی اے شیخان تا ڈیم روڈ کو دو رویہ کرنے کے موقع پر جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈیڈک کوہاٹ شفیع جان، ممبر صوبائی اسمبلی داؤد شاہ آفریدی اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے موقع پر متعلقہ حکام نے کوہاٹ کی منتخب قیادت کو مجوزہ ڈوئلائزیشن منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے بعد مواصلات کا شعبہ ان کی ترجیح ہے۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی کی مشاورت سے مذکورہ سڑک کو دو رویہ بنانے کے مجوزہ منصوبے سمیت متعدد دیگر اہم منصوبے بھی زیر غور ہیں اور اس سلسلے میں ایک جامع ترقیاتی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ آفتاب عالم نے اس منصوبے کو عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو بہتر کرنے کیلئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے متعلقہ حلقوں کو اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی قابل برداشت ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591919