راولپنڈی ۔ 3 اگست (اے پی پی) پنجاب حکومت نے کوہسار یونیورسٹی مری کے باقاعدہ آغاز کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ ترجمان وفاقی حکومت و ایم این اے صداقت علی عباسی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب ہائو س مری، ریسورس سینٹر مری، گورنمنٹ ڈگری کالجز فار بوائز اینڈ گرلز اور مری بروری کی 86 کنال اراضی اپنے تمام فوائد کے ساتھ کوہسار یونیورسٹی مری کے نام منتقل کردی گئی ہے ۔ صداقت علی عباسی نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ یونیورسٹی دیگر روایتی مضامین کے ساتھ ساتھ سیاحت اور ہاسپیٹیلیٹی مینجمنٹ پر بھی توجہ مرکوز کرے گی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب ہائو س مری کو بطور ٹورازم کمپلیکس برائے یونیورسٹی بنایا جائے گا جو ہاسپٹیلیٹی کے شعبے کے زیر انتظام کا کرے گا اور طلبہ و طالبات کیلئے پریکٹیکل علم کا ذریعہ بنے گا۔ صداقت علی عباسی نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ملک میں موجود سرکاری عمارات کا عوامی مفاد میں استعمال کیا جا رہا ہے اور پنجاب ہائوس مری اس کی ایک بڑی مثال بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں یہ عمارات اشرا فیہ کے زیر استعمال رہتی تھی اور اس پر کروڑوں کے اخراجات عوام کے پیسے سے کئے جاتے تھے۔ اب یہ عمارات خالصتاً عوامی مفاد کیلئے استعمال ہورہی ہیں اور ان کی آمدنی سرکاری خزانے میں جمع ہو رہی ہے۔ صداقت علی عباسی نے بتایاکہ ریسورس سینٹر مری یونیورسٹی کے ایڈمن بلاک اور وائس چانسلر آفس کے علاوہ سمارٹ لائبریری کے طور پر استعمال ہوگا۔ یونیورسٹی مری کے ملحقہ علاقوں، گلیات، ہزارہ ایبٹ آباد کے علاوہ آزاد کشمیر کے طلبا وطلبات کو بہت فائدہ ہوگا۔