کوہستان اپر۔ 21 اپریل (اے پی پی):کوہستان اپر میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز سیکورٹی کے سخت حصار میں کر دیا گیا ہے۔ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، انسداد پولیو مہم کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ جوانوں کو ڈیوٹی پر جانے سے قبل خصوصی بریفنگ دی گئی۔
ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز وقتاً فوقتاً مختلف چیک پوسٹوں، بی ایچ یوز اور ہسپتالوں کے دورہ کر کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فرمان اﷲ (پی پی ایم) نے عملہ کو ہدایت کی ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران نگرانی کیلئے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر سنیپ چیکنگ اور موبائل پٹرولنگ کے عمل کو مزید سخت کر دیا جائے، ڈیوٹی پر تعینات پولیس جوان الرٹ رہیں اور دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔