کوہستان لوئر۔ 03 فروری (اے پی پی):کوہستان لوئر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان لوئر تیمور خان کی زیرنگرانی ضلع بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
پولیو مہم کے لئے ضلع بھر میں 282 سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ اس دوران ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز نے سکیورٹی پر مامور تمام پولیس اہلکاروں کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انسداد پولیو مہم کی ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں قائم ہیں۔
اس کے ساتھ پولیس سکواڈ خصوصی گشت کر رہے ہیں اور مشکوک افراد کو چیک کر رہے ہیں۔ ڈی پی او کوہستان لوئر نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو تاکید کی ہے کہ ڈیوٹی کے دوران انتہائی چوکس رہیں، ٹیموں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اپنی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے اختتام تک ٹیموں کے ساتھ رہیں ۔