پٹن۔ 05 مئی (اے پی پی):کوہستان لوئر پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے تحت تھانہ دوبیر کی حدود میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کا انعقاد کیا۔ کوہستان لوئر پولیس کے مطابق یہ کارروائی آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور آر پی او ہزارہ ناصر محمود ستی کی ہدایات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران ایس ڈی پی او سرکل بنکڈ رانولیاء اورنگزیب خان کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ دوبیر ابوذر غفاری، ایلیٹ فورس اور ضلعی پولیس اہلکار موجود تھے۔
اس کارروائی کے دوران مختلف علاقوں کو حصار میں لے کر ہوٹلز، گاڑیوں اور دیگر مشتبہ مقامات کی تلاشی لی گئی۔ مشکوک افراد کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکا جا سکے۔ اس آپریشن کا بنیادی مقصد علاقے میں پائیدار امن کو یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ خطرے یا مجرمانہ سرگرمی کو بروقت ختم کرنا تھا۔ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
کوہستان لوئر پولیس نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مشن میں شہریوں کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک حرکت یا فرد کی فوری اطلاع قریبی پولیس سٹیشن کو دیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592588