کوہستان کے لیے ایک ارب روپے کی ترقیاتی گرانٹ اسی بجٹ میں رکھی جائے گی،وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ

180

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کوہستان کے لیے ایک ارب روپے کی ترقیاتی گرانٹ اسی بجٹ میں رکھی جائے گی، کوہستان کی ہر تحصیل میں ٹیکنیکل کالج ، بی آئی ایس پی اور نادرا کے دفاتر قائم ہوں گے،کوہستان میں ڈیم متاثرین کے لیے بنیادی مراکز صحت کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو داسو ڈیم متاثرین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں فیصل کریم کنڈی، چیئرمین واپڈا، کوہستان کے عمائدین و عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر آبی وسائل نے ڈیم منصوبے میں مقامی ملازمتوں کا کوٹہ سو فیصد کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ یہاں میرے سامنے داسو ڈیم منصوبے میں ففٹی پرسینٹ لوکل جابز پر عملدرآمد کا مطالبہ رکھا گیا ہے۔چیئرمین واپڈا سے کہا ہے چھوٹی ملازمتیں سو فیصد اسی علاقے کے لوگوں کو دی جائیں۔

خورشید شاہ نے کوہستان میں ترقیاتی کاموں کے لیے ایک ارب کی گرانٹ مختص کرانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ پہاڑوں میں رہنے والوں کی زندگی انتہائی مشکل ہے، یہاں ترقیاتی منصوبوں کی اشد ضرورت ہے۔ کوہستان کے لیے ایک ارب روپے کی ترقیاتی گرانٹ اسی بجٹ میں رکھی جائے گی۔کوہستان کی ہر تحصیل میں ٹیکنیکل کالج قائم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کوہستان میں ڈیم متاثرین کے لیے بنیادی مراکز صحت کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔خورشید شاہ نے کہا کہ کوہستان کی ہر تحصیل میں بی آئی ایس پی،نادرا کے دفاتر قائم ہوں گے۔وفاقی وزیر نے ڈیم متاثرین کے زمین کے معاوضوں سے متعلق مطالبات بھی سنے ۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں ایک میٹنگ صرف کوہستان پر رکھوں گا، وہاں تمام ایشوز حل کریں گے۔بجٹ کے بعد کوہستان دوبارہ آؤں گا تو صرف وعدے نہیں بلکہ عملی اور عملی اقدامات کر کے آؤں گا۔ کوہستان کے عمائدین نے مسائل کے حل کے اقدامات پر وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ کا شکریہ ادا کیا۔