کوئٹہ۔ 22 جنوری (اے پی پی):کوہلو شہر میں گران فروشوں اور تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری اور گراں فروشی کرنے والے دوکانداروں کو جرمانے عائد کئے گئے۔ کریک ڈاون کے دوران اندرون شہر کے مختلف بازاروں اور گلیوں میں گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔ ایک درجن سے زائد دکانداروں کو سرکاری نرخنامے سے زائد قیمتوں پر اشیاء خوردونوش فروخت کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے۔ اس موقع پر رسالدار میجر شیر محمد مری کا کہنا تھا کہ تجاوزات کو ہٹانے کا مقصد شہریوں کو روزمرہ زندگی کے مشکلات میں کمی لانا ہے جس کی وجہ سے عوامی شکایات پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اس کارروائی کا مقصد عوام کو مہنگائی اور غیر قانونی تجاوزات سے نجات دلانا ہے انہوں نے دکانداروں اور شہریوں کو تنبیہ کی کہ وہ قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور سرکاری نرخنامے پر عمل کریں، بصورت دیگر مزید سخت کارروائی کی جائے گی رسالدار میجر لیویز نے مزید کہا کہ یہ کارروائی ایک ابتدائی قدم ہے مزید مرحلہ وار گران فروشوں اور تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ اشیا ضروریہ عوام کو مہنگے داموں فروخت کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے اس لئے تمام دوکاندار اپنا قبلہ درست کریں۔انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع دے کر انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
شہریوں نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس قسم کی کاروائیوں کا تسلسل جاری رہے گا۔