ایڈیلیڈ ۔ 15 جنوری (اے پی پی) ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر لی، فاتح ٹیم نے 299 رنز کا ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر 4 وکٹوں پر حاصل کیا، کوہلی نے ڈٹ کر حریف باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور 104 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، دھونی نے 55رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، شان مارش کی 131 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، کوہلی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ منگل کو ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے، شان مارش کے سوا کینگروز کا کوئی بھی بلے باز متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، شان مارش نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور 131 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، گلین میکسویل 48، ایلکس کیری 18، فنچ 6، عثمان خواجہ 21، پیٹر ہینڈز کامب 20، سٹوئنس 29، رچرڈسن 2 اور پیٹر سڈل بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، نیتھن لیون 12 اور بہرنڈورف ایک رن بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، بھنشور کمار نے 4 محمد شامی نے 3 اور روندرا جدیجا نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 49.2 اوورز میں 4 وکٹوں پر پورا کیا، شیکھر دھون اور روہت شرما نے ٹیم کو 47 رنز کا آغاز فراہم کیا، دھون 32 رنز بنانے کے بعد بہرنڈورف کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، اس موقع پر کپتان ویرات کوہلی نے روہت شرما کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے مل کر سکور 101 تک پہنچا دیا، یہاں پر سٹوئنس نے شرما کو آﺅٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 43 رنز بنائے، 160 کے مجموعی سکور پر امباتی رائیڈو 24 رنز بنانے کے بعد کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے، اس کے بعد دھونی نے کوہلی کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 82 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا، 242 کے مجموعی سکور پر رچرڈسن نے کوہلی کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 104 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن اس موقع پر دھونی نے دنیش کارتھک کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ میں 57 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، دھونی 55 اور کارتھک 25 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، بہرنڈورف، رچرڈسن، سٹوئنس اور میکسویل نے ایک، ایک وکٹ لی۔