ڈیرہ غازی خان۔ 26 جنوری (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے سلسلہ میں لادی گینگ اور پولیس کے درمیان مقابلہ میں سب انسپکٹر زخمی ہوگیا۔ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی موقع پر پہنچ گئے۔ترجمان ڈیرہ غازی خان پولیس کے مطابق کوہ سلیمان کے پہاڑوں میں لادی گینگ کے خلاف جاری پولیس آپریشن میں سب انسپکٹر عرفان مصطفیٰ زخمی ہو گئے۔فائرنگ کے دوران سب انسپکٹر کو کان کے قریب گولی لگی، لیکن بلٹ پروف ہیلمٹ اور حفاظتی جیکٹس کی وجہ سے محفوظ رہے۔ زخمی سب انسپکٹر کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ آپریشن کی قیادت ڈی ایس پی صدر حماد نبی اور ایس ایچ او کوٹ مبارک ارشد سیال کر رہے ہیں جبکہ دیگر پولیس افسران بھی اس کارروائی میں شریک ہیں۔قبل ازیں پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ لادی گینگ کے خطرناک عناصر کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقے میں موجود ہیں اور کسی سنگین واردات کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔جس پرڈی ایس پی صدر اور ان کی ٹیم نے فوری طور پر کارروائی شروع کی، جس دوران ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور دلیری سے ملزمان کو مؤثر جواب دیا اور انہیں شدید نقصان پہنچایا۔ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچے اور کارروائی کی براہ راست نگرانی کی۔
بعد ازاں ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد اور ایس پی بختیار احمد خان علامہ اقبال ٹیچنگ اسپتال پہنچےجہاں انہوں نے زخمی سب انسپکٹر عرفان مصطفیٰ کی عیادت کی اور ان کے بہترین علاج کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان پولیس کی اولین ترجیح عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اپنے فرائض بہترین طریقے سے سرانجام دے رہی ہے۔