کویت سٹی۔31جنوری (اے پی پی):کویت میں سعودی عرب کی مصنوعات کی نمائش کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح سعودی نائب سفیر یحٰی القحطانی نے کیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کےمطابق سعودی عرب کی مصنوعات کے حوالے سے کویت میں منعقد ہونے والی نمائش کے افتتاح کے موقع پر نائب سفیر یحیٰ القحطانی نے کہا کہ مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف واضح ہیں جن میں نمائش کے اس دوسرے ایڈیشن کا انعقاد بھی ہے،اس کے ذریعے سعودی مصنوعات کو دنیا بھر میں متعارف کرانا اور اہلیان وطن کی صلاحیتوں کو ابھارنا ہے۔
نائب سفیر نے کہا کہ نمائش کے ذریعے سعودی کمپنیوں کے بارے میں کویتی کمپنیوں کو اہم معلومات ملیں گی جس سے دوطرفہ تجارتی تعلقات کے نئے دروازے کھلیں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کویتی سیکرٹری تجارت و صنعت زیاد الناجم نے کہا سعودی مصنوعات کویتی مارکیٹ میں موجود ہیں ، انہوں نے اس بات پرزوردیا کہ سعودی مصنوعات کی کویتی مارکیٹوں میں موجودگی دراصل دونوں ممالک کے درمیان تعاون و بھروسے کی علامت ہیں جو کویتی شہریوں کی ضرورتوں کے مطابق بھی ہیں۔نمائش کی سی ای او ہند العونی کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک میں تجارتی و صنعتی کارواں کے تبادلے اور فروغ کے لیے آج کا دن بے حد اہم ہے ۔
انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ نمائش سے مشترکہ اقتصادی ویژن کے اہداف کا حصول آسان اور باہمی تجارت کو مزید فروغ ملے گا۔