کویت کی 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، مہر کاشف یونس

239
مہر کاشف یونس

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ کویت کی طرف سے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

اتوار کو یہاں چوہدری فاران شاہد آرائیں کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری نہ صرف پاکستان کے معاشی منظرنامے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے بلکہ پائیدار تعلقات کا ثبوت بھی ہے۔ یہ سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے مستحکم بنیاد فراہم کرے گی۔ اس سے مختلف شعبوں میں ترقی کو فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، ٹیکنالوجی اور جدت کو فروغ ملے گا اور مجموعی ترقی کی رفتار تیز ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ معاشی میدان سے بالا تر ہو کر یہ سرمایہ کاری کویت اور پاکستان کے درمیان باہمی تعلقات، افہام و تفہیم اور تعاون کو مزید بلندیوں پر لے کر جائے گیاور دیگر مسلم ممالک کیلئے بھی ایک مثال ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں جہاں بین الاقوامی تعاون سب سے اہم ہے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کویت کا یہ اقدام عظیم مسلم بھائی چارے، یکجہتی اور مشترکہ امنگوں کا عکاس ہے۔