
اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ کویت کے وزیر خارجہ کی آمد سے پاک کویت تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، حکومت کی طرف سے حزب اختلاف کو انتخابی اصلاحات پر مذاکرات کی دعوت قبول کرنی چاہئے ، انتخابی نظام کی اصلاح سے جمہوریت مضبوط ہو گی ، سینیٹ کے الیکشن میں خرید و فروخت سے جمہوریت اور ملک کا مذاق بنا ۔ آج الحمداللہ پاکستان کی مضبوط خارجہ پالیسی کے نتیجہ میں مسلم عرب دنیا میں تعلقات میں ہر شعبہ اور ہر سطح پر بہتری آئی ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ کویت کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد اور پاکستانی وزیر خارجہ کا مصر جانا تاریخی اہمیت کے حامل اقدام ہیں۔ امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کیلئے پاکستان ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ امت کی وحدت کی بات اور کوشش کرنا آسان نہیں ہے، مسلم ممالک میں تقسیم کسی بھی صورت درست نہیں ہے ۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آج ہم سب کی عزت اللہ کے بعد پاکستان کی وجہ سے ہے ۔ پاکستان کو ہمیشہ زندہ باد رہنا ہے ۔ کسی پر بھی غیر شرعی فتوے بازی اور غداری کے نعرے لگانے کے حامی نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو پاکستان توڑنے اور پاکستان کے خلاف نعرے لگانے والوں کے بارے میں خود فیصلہ کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن بہت محترم ہیں لیکن ان کے ساتھ سیاسی جماعتوں نے گذشتہ تین سالوں سے بہتر سلوک نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی خارجہ پالیسی بہت بہتری کی طرف جا رہی ہے ، سری لنکا میں حجاب پر پابندی کے حوالہ سے سری لنکا کی حکومت کے ساتھ اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔
اس موقع پر مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا قاسم قاسمی ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا ابو بکر صابری ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا محمد اسلم صدیقی ، مولانا نائب خان ، مولانا شہباز احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔