اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ رائس ایسوسی ایشن (پی ایچ ایچ ایس اے) کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ کپاس اور گندم جیسی بڑی فصلوں کو موسمیاتی تبدیلی سے نقصان پہنچا ہے جبکہ چاول کی زیادہ تر فصل سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رہی ہے۔
منگل کو یہاں مومن علی کی قیادت میں ترقی پسند کسانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی ہے کہ چاول کی فصل سیلاب کی تباہ کاری سے بچ گئی اور اس کی برآمد سے پاکستان خاطر خواہ آمدنی حاصل کرسکتا ہے، موسم گرما کی دیگر فصلوں میں سے زیادہ تر کو سیلاب سے سخت نقصان پہنچا، تباہ کن سیلاب اور معیشت کو درپیش دیگر چیلنجز کے باوجود چاول کے برآمد کنندگان اس کی زیادہ سے زیادہ شپمنٹ کی تیاریاں کررہے ہیں۔
سیلاب سے نقصانات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی چاول کی پٹی تقریباً محفوظ رہی جبکہ سندھ میں بھی اسی طرح کی بھرپور فصل تھی تاہم بدقسمتی سے یہ سیلاب سے جزوی طور پر متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بے بنیاد خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ہم جو اقسام برآمد کرتے ہیں وہ مقامی طور پر استعمال نہیں کی جاتیں کیونکہ وہ صرف فیڈ ملوں میں استعمال ہوتی ہیں لہذا پابندی کی قطعاً ضرورت نہیں ہے۔
شہزاد علی ملک نے کہا کہ باسمتی اور نان باسمتی اقسام کے ساتھ ساتھ مکئی کا اضافی ذخیرہ بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری بیجوں کے استعمال سے چاول کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ کاشتکار ہائبرڈ بیج استعمال کر رہے ہیں جن سے اچھے معیار کا چاول پیدا ہوتا ہے اور زیادہ پیداوار حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمان نے پرائیویٹ سیکٹر میں چاول کی بہترین کوالٹی کی دو اقسام تیار کرنے پر گارڈ ایگریکلچر ریسرچ سروسز کو مبارکباد دی ہے جو اس نقد آور فصل کی پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ کمانے میں بھی معاون ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کونسل نے مکمل جانچ پڑتال کے بعد اوپن پولینیٹڈ اور لمبے دانے والی دو اقسام گارڈ 101 اور گارڈ 102 کی منظوری دی ہے جو بوائی کے 90 دنوں کے اندر 20 سے 25 فیصد فی ایکڑ زیادہ پیداوار کو یقینی بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی اقسام ملکی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ہیں کیونکہ برآمدات کی زیادہ صلاحیت، کم لاگت اور زیادہ فی ایکڑ پیداوار کی وجہ سے وہ کسانوں کے لیے پرکشش ہیں۔
شہزاد علی ملک نے کہا کہ ہم نجی شعبے میں 1989 سے چین کے ساتھ چاول کے بیجوں کی ریسرچ پر کام کر رہے ہیں، چاول کے ساتھ ساتھ کپاس اور گندم کے ہائبرڈ بیجوں پر بھی چین کے اداروں کے ساتھ مل کر تحقیق کا کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ اس میں بھی جلد اہم پیش رفت ہوگی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=360755