ملتان۔ 15 مارچ (اے پی پی):سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کپاس کی ا گیتی کاشت کا افتتاح کردیا۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے جمعہ کے روز یہاں کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں کپاس کی اگیتی کاشت کا افتتاح عملی طور پر بیج بو کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کپاس ہماری ملکی معیشت کا اہم جزو ہے،کپاس اگیتی کاشت ہی زیادہ پیداوارکی ضمانت ہے،کاشت کار کپاس کی اگیتی کاشت کو ترجیح دیں۔
ثاقب علی عطیل نے کہا کہ پنجاب بھر میں کپاس کی اگیتی کاشت کا عمل 31مارچ تک جاری رہے گا،زمین کی سخت تہہ کو توڑنے کیلئے سب سوائلر ہل چلایا جائے تاکہ پودے کی جڑیں خوراک کے حصول کیلئے زیر زمین گہرائی تک جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ امسال ملتان،بہاولپور،ڈی جی خان،ساہیوال،فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز میں 10 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی اگیتی کاشت کی جائے گی،
کاشتکار اگیتی کاشت کیلئے کپاس کی منظورشدہ ٹرپل جین اقسام کا تصدیق شدہ بیج ہی کاشت کریں کیونکہ کپاس کی یہ اقسام جڑی بوٹی مار زہر گلائفوسیٹ کے خلاف قوت مدافعت رکھتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بوائی سے قبل بیج کوسفارش کردہ زہر یامورنگاجوس لگا نے سے ابتدائی ڈیرھ ماہ تک فصل کی بڑھوتری بہتر ہوتی ہے اور بیماری وکیڑوں سے کم متاثر ہوتی ہے۔
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت سے قبل زمین کی اچھی تیاری بہت ضروری ہے جس کیلئے زمین کی سخت تہہ کو توڑنے کیلئے سب سوائلر ہل چلایا جائے تاکہ زمین میں پانی کو زیادہ دیر ٹھہرانے کی صلاحیت بڑھ سکے اور پودے کی جڑیں خوراک کے حصول کیلئے زیر زمین گہرائی تک جاسکیں مزید برآں سخت تہہ کے ٹوٹنے سے زیادہ بارش کا پانی بھی کھیتوں میں کھڑا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ امسال آئی پی ایم ماڈل پر پوری مہارت اور محنت کے ساتھ فیلڈ میں عملدرآمد کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں کاشتکاروں کے تربیتی پروگرامز کو مکمل مانیٹر کیا جائے گا۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت، فصل پر آنے والے چیلنجز کا مقابلہ نسبتاً بہتر طور پر کرتی ہے،
اس پر رس چوسنے والے کیڑوں کی وجہ سے نسبتاً کم نقصان ہوتا ہے اور درجہ حرارت میں اضافے کے اثرات بھی نسبتاً کم ہوتے ہیں،اسی لئے محکمہ زراعت جنوبی پنجاب کاشتکاروں کو اگیتی کپاس اگاؤ زیادہ منافع کماؤ سلوگن کے تحت متحرک کررہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کی اگیتی کاشت ممکن بنائی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیمیں کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی کی فراہمی کے سلسلہ میں کاشتکاروں کی بھرپور فنی رہنمائی کررہی ہیں،تصدیق شدہ بیج کی مارکیٹ میں دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے تاکہ کاشتکار صرف منظور شدہ اقسام کا رجسٹرڈ کمپنیوں کا ٹیگ شدہ بیج ہی استعمال کریں۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے ڈائریکٹر کاٹن کو ریسرچ ایریا میں سب سوائلز چلاکر زمین کی سخت تہہ توڑکر42انچ کے بیڈ پر کپاس کی کاشت کے ٹرائل کی بھی ہدایت کی۔