کپاس کی بہتر فصل کے لئے متناسب کھادوں کا بروقت استعمال یقینی بنائیں ،محکمہ زراعت پنجاب

177
fertilizers
fertilizers

فیصل آباد۔ 02 جون (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کپاس کی بہتر فصل کے لئے متناسب کھادوں کا استعمال انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، کاشتکار ماہرین زراعت اور محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے متناسب کھادوں کا بروقت استعمال یقینی بنائیں تاکہ کپاس کی معیاری اور فی ایکڑ بہترین پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ زیادہ پیداوار کے حصول کےلئے کپاس کی بروقت کاشت کا عمل جلد از جلد مکمل کر لیں تاکہ پودے توانا اور مضبوط ہو سکیں اور فصل وائرس اور کیڑوں کا مقابلہ کرنے کی بھی صلاحیت کی حامل بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ جن زمینوں میں صرف ٹیوب ویل کا پانی لگ رہا ہے وہاں نائٹروجنی اور فاسفورسی کھاد کے علاوہ پوٹاش کھاد بھی ضرور استعمال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کام سے بڑھوتری میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی اگیتی فصل اس وقت نرم حالت میں ہونے کی وجہ سے لشکری سنڈی کے حملے کے خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے لہٰذا ایسی کسی بھی علامت یا شکایت کا تدارک بروقت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت میں اضافہ تھرپس کے حملے اور جوڑی کی تعداد میں اضافے کا بھی موجب ہو سکتا ہے لہٰذا ان پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کپاس کے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ زراعت کے عملے سے مسلسل رابطے میں رہیں اور ضرورت پڑنے پر سفارش کردہ زہروں کا فوری استعمال یقینی بنائیں کیونکہ بیماری کے حملہ کی صورت میں ذرا سی بھی کوتاہی فصل کے بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔