کپاس کی کاشت سے پہلے زمین کی تیاری کے لئے لیزر لینڈ لیولر کا استعمال کریں،ڈاکٹر محمد نوید افضل

228
Cotton

ملتان۔ 22 فروری (اے پی پی):کپاس کی کاشت سے پہلے کاشتکار حضرات زمین کی تیاری کے لئے لیزر لینڈ لیولر کا استعمال کریں،لیزر لینڈ لیولر کے استعمال سے ہموار کھیت میں پانی اور کھاد کی20 تا 25فیصد تک بچت ہوتی ہے اور پیداوار میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

یہ بات ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان ڈاکٹر محمد نوید افضل نے کپاس کے کاشتکاروں کے نام جاری اپنے اہم پیغام میں کہی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ زمین کی سطح اگرہموار ہو تو پانی کے بہاؤ میں آسانی رہتی ہے اور کھیت میں موجود تمام پودوں کو یکساں پانی میسر آتا ہے جو کپا س کی نشونما کے لئے بہت ضروری ہے۔

 مجموعی طور پر، لیزر لینڈ لیولر کا استعمال زمین کی پیداواری صلاحیت، پانی کے استعمال اور آپریشنل کارکردگی کو بہتر بناتا ہے جبکہ غیر ہموار کھیت میں پانی کھڑا رہنے سے کپا س کی فصل مختلف بیماریوں کا شکار ہو سکتی ہے ا س لئے کپا س کی بہتر پیداوار کے لئے زمین کی تیاری کا مرحلہ بہت اہم ہے۔

ڈاکٹر محمد نوید افضل نے مزید کہا ہے کہ اچھی پیداوار کے لئے میرا، زرخیززمین جو پانی زیادہ جذب کرے اور دیر تک وتر برقرار رکھے موزوں ہے۔ کلراٹھی، سیم زدہ، ریتلی اور چکنی زمین کپاس کی کاشت کے لئے موزوں نہیں البتہ بہتر حکمت عملی سے زرعی ماہرین کے مشورہ سے ایسی زمینوں میں پٹڑیوں پر کپاس کاشت کی جاسکتی ہے۔