کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول سے ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری لائی جاسکتی ہے،نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد

231
کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول سے ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری لائی جاسکتی ہے،نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد

فیصل آباد۔ 13 جون (اے پی پی):نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ رواں سال کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول سے ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ہیٹ ویو ایک چیلنج ہے جس کے کپاس کی فصل پر مختلف اثرات مشاہدہ میں آئے ہیں اس لئے فصل کی صحت پر زیادہ سے زیادہ توجہ ، گرم موسم اور پانی کی کمی جیسے اہم مسائل سے نمٹنے کے لئےبہتر مینجمنٹ ضروری ہے لہٰذا فیلڈ افسران کپاس کے کاشتکاروں کو مسلسل آگاہی فراہم کیں اور فصل کی باقاعدگی سے پیسٹ سکاؤٹنگ کریں۔

انہوں نے کپاس کی کاشت کے حوالے سے بتایا کہ پنجاب میں 3.6 ملین ایکڑ سے زیادہ رقبے پر کپاس کاشت ہوچکی ہے جس سے 6.6 ملین گانٹھوں کے قریب پیداوار متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام شعبہ جات مشترکہ کوششوں سے پیداواری ہدف کے حصول کو یقینی بنائیں نیز کاشتکاروں تک کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی پہنچانے کے لئے شعبہ توسیع و پیسٹ وارننگ کا عملہ فیلڈ میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑا رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خودبھی کاٹن سیزن میں فیلڈ سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت سے لے کر چنائی تک تمام عوامل بارے کاشتکاروں کی رہنمائی یقینی بنائی جانی چاہیے۔انہوں نے محکمہ زراعت کے حکام کو کھادوں اور زرعی زہروں کی مارکیٹ میں مقررہ نرخوں پر دستیابی اور قیمتوں و کوالٹی کو کنٹرول کرنے کے لئے سخت مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کی اب تک کی صورت حال تسلی بخش ہے جبکہ کیڑوں اور بیماریوں کا حملہ بھی معاشی نقصان دہ حد سے نیچے ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو کپاس پرپہلے سپرے میں ممکنہ حد تک تاخیر کا مشورہ دیا جارہا ہے تاکہ مفید کیڑوں کے ذریعے ضرر رساں کیڑوں کو کنٹرول کیا جاسکے۔