کپاس کے کاشتکاروں کو مزید 15 روز تک پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھنے کامشورہ

64
Cotton
Cotton

فیصل آباد۔ 26 ستمبر (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو 50فیصد ٹینڈے کھلنے پر کپاس کی چنائی اور مزید 15 روز تک پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ موسم کی تبدیلی اور ماحولیاتی تغیرا ت کے باعث رات کے اوقات میں نمی کا سلسلہ شروع ہو گیاہے اس لئے کاشتکار علی الصبح کپاس کی چنائی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہاکہ کپاس کی چنائی کا عمل صبح 11 بجے کے قریب شروع کیاجائے تاکہ کپاس میں نمی برقرار نہ رہ سکے۔

انہوں نے کہاکہ اس طرح حاصل کردہ روئی کی برآمد سے عالمی منڈی میں بہترین نرخ حاصل ہو سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کاشتکار کپاس کی اگیتی اور پچھیتی کاشتہ فصل کی پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل بھی کم از کم مزید 15 سے 20 روز تک جاری رکھیں کیونکہ موجود ہ موسمی حالات کے باعث فصل پر پیسٹ کا پریشر بڑھ رہاہے تاہم انہوں نے بتایاکہ 15 اکتوبر کے بعد موسم سرما کے آغاز کے باعث پیسٹ کاپریشر کم ہونے سے پیسٹ سکاؤٹنگ کی ضرورت نہ رہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی یامشاورت کیلئے محکمہ زراعت توسیع اور پیسٹ سکاؤٹنگ اینڈ کوالٹی کنٹرول کے فیلڈ سٹاف سے بھی معاونت حاصل کرسکتے ہیں۔