کپاس کے کاشتکار کھیت سے 48گھنٹوں کے اندربارشی پانی کانکاس یقینی بنائیں،محکمہ زراعت

138
Cotton

فیصل آباد۔ 01 جولائی (اے پی پی):کپاس کے کھیت میں 24گھنٹے سے زیادہ دیر تک بارش کا پانی کھڑارہنے سے فصل کی بڑھوتری رک جاتی ہے ،کاشتکار پودے مرجھانے سے بچانے کےلئے 48 گھنٹوں کے اندر اندرکپاس کے کھیتوں سے برساتی پانی کانکاس یقینی بنائیں۔ یہ بات ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد خالد اقبال نے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ اگر 24 سے 48گھنٹوں تک بارش کا پانی کپاس کے کھیت میں کھڑارہے تو پودے مرجھانا شروع ہو جاتے ہیں۔ ا ن کا کہنا تھا کہ فصل کو زیادہ پانی کے نقصان سے بچانے کےلئے کپاس کے کھیت میں کھڑاپانی کسی خالی نچلے کھیت میں نکال دیاجائے اور اگر قریب ہی کماد کی فصل کاشت ہو اور اس میں پانی ڈالا جاسکتاہو تو اس کھیت میں پانی ڈال کر اس کے مفید نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر پانی کپاس کے کھیت سے باہر نہ نکالاجاسکتاہو تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رخ کھائی کھود کر پانی اس میں جمع کردیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ زیادہ بارشیں کپاس کے پودے پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں جس سے پودوں کی غیر ثمر دار بڑھوتری میں تیزی آجاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کپاس کے کھیتوں کے اندر اور باہر دوسری نظر انداز جگہوں پر جڑی بوٹیوں کی بھرمار ہو جاتی ہے جس کے نتیجے میں نقصان رساں کیڑوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو جاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار موسم برسات کے دوران کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں اور اس ضمن میں ماہرین زراعت کی رہنمائی سے بھی استفادہ یقینی بنائیں۔