کپاس کے کھیتوں سے جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کامشورہ

213
Cotton
Cotton

فیصل آباد۔ 21 جون (اے پی پی):کپاس کے کاشتکاروں کو کھیتوں سے اٹ سٹ،لمب، مدھانہ گھاس، جنگلی چولائی، لہلی، قلفہ، ہزار دانی،ڈیلا جیسی جڑی بوٹیوں کے فوری خاتمہ کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے فصل کی حفاظت ضروری ہے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں کپاس پیداکرنے والے ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے جبکہ ملکی مجموعی پیداوار کا 80 فیصد حصہ پنجاب سے حاصل کیاجاتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ گزشتہ سال پنجاب میں 60لاکھ ایکڑکے قریب رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیاگیاتھا جس سے 22 سے 23من فی ایکڑ پھٹی اور 7 سے8من روئی سمیت ایک کروڑ گانٹھ کپاس کی پیداوار حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ اگر جڑی بوٹیوں کا فوری تدارک نہ کیاگیا توخدانخواستہ اس سے رواں سال کیلئے مقرر کردہ کپاس کی کاشت اور پیداوار کے اہداف متاثر ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاراس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔