کراچی۔ 04 جنوری (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کچرے سے توانائی پیدا کرنے کے لئے تین منصوبے شروع کئے گئے ہیں جس سے نہ صرف کراچی صاف ستھرا ہوگا بلکہ توانائی حاصل کرنے کے ذرائع بھی پیدا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نسیم الدین میرانی، پروجیکٹ ڈائریکٹر سوئپ زبیر احمد چنہ، گرین ویسٹ انرجی، خان رینیوایبل انرجی اور اینگروانرجی کے عہدیداران کے علاوہ ترجمان سیاسی امور برائے میئرکرم اللہ وقاصی ، جنرل سیکریٹری پی پی پی ضلع وسطی دل محمد، چیئرمین یوسی جاوید مریداور دیگر متعلقہ افسران بھی موجودتھے۔
میئرکراچی نے کہا کہ پاکستان میں کچرے سے توانانی حاصل کرنے والا پہلا صوبہ سندھ ہے جہاں اس پروجیکٹ کا آغاز کیاگیا ہے، شہر کی ترقی اور مسائل کے حل کے لئے جلد از جلد اقدامات یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ کمپنیز کے عہدیدارن سے میئرکراچی نے کہا کہ عوام کی ہم سے بہت امیدیں وابستہ ہیں لہذا کچرے سے توانائی بنانے کی فزیبلیٹی اسٹڈی اور پروسیسس جلداز جلد مکمل کریں۔
اس سلسلے میں کمپنیز نے پروجیکٹ کی ٹائم لائن پر جو بریفنگ دی وہ اطمینان بخش نہیں تھی لہذا پروجیکٹ کی تکمیل کی ٹائم لائن کو ریوائز کریں اور ایک ہفتے کے اندر دوبارہ بریفنگ دیں اور بتائیں کہ پروجیکٹ مرحلہ وار کب تک مکمل ہوگا۔ واضح رہے کہ گرین ویسٹ انرجی کچرے سے سنتھیٹک گیس جبکہ خان رینیوایبل کمپنی کچرے سے 45میگا واٹ بجلی بنائے گی۔