کچن گارڈننگ کے فروغ سے تازہ اور زہروں سے پاک آرگینک سبزیوں کاحصول یقینی بنایاجاسکتاہے، ڈائریکٹر زراعت

116
Kitchen Gardening

فیصل آباد۔ 25 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری عبدالحمید نے کہا ہے کہ کچن گارڈننگ کے فروغ سے تازہ اور زہروں سے پاک آرگینک سبزیوں کاحصول یقینی بنایاجاسکتاہے جبکہ شہری گھر میں زمین موجود نہ ہونے پر مختلف طرح کے کنٹینرز میں بھی گھریلو سبزیاں کاشت کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف سائز کے مٹی کے بنے ہوئے گملے، پلاسٹک کے ٹب، ٹوکریاں، لکڑی کے کریٹ، شاپر بیگ، کھاد والے تھیلے، پلاسٹک اور لوہے کے ڈرم، پرانے ٹائر وغیرہ بھی گھریلو سطح پر سبزیوں کی کاشت کیلئے استعمال کئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ گھریلو سطح پر سبزی کاشت کرنے کیلئے عموماً ایک سے پانچ مرلہ جگہ درکار ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بینگن، ٹماٹر، پیاز، بند گوبھی، پھول گوبھی، بروکلی، گلی سڑی کھاد، کمپوسٹ، پریس مڈ، بھل کا حصول بھی ایک ماہ پہلے کر لینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ موسم گرما کی بیلوں والی سبزیات کو بانسوں اور سیبوں ونیٹ کی مدد سے اوپر چڑھایا جائے یا بانسوں کی مدد سے چڑھایا جائے تا کہ ہوا کا گزر ہو تاہم اسے بالکل دیوار کے ساتھ نہ چڑھایاجائے۔

انہوں نے کہاکہ جب سبزیاں اُگ آئیں تو اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ان میں نمی سوکھنے نہ پائے اور نہ ہی بہت زیادہ پانی دیا جائے کیونکہ اس سے مختلف قسم کی بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہری کنٹینرزمیں اُگائی گئی سبزیوں کو ایسی جگہ رکھیں جہاں کم از کم 6 سے8گھنٹے دھوپ لگے اور یہ دیوار سے کم ازکم ایک فٹ ہٹ کر ہو۔