کچہ ماچھکہ میں پولیس مقابلہ اندھڑ اور سلطو شر گینگ کا سرگرم خطرناک ڈاکو بشیر عرف بشو ہلاک

125
Firing

رحیم یارخان۔ 19 جنوری (اے پی پی):کچہ ماچھکہ میں پولیس مقابلہ اندھڑ اور سلطو شر گینگ کا سرگرم خطرناک ڈاکو بشیر عرف بشو ہلاک، ہلاک ڈاکو کی کلاشن کوف اور سینکڑوں گولیا ں قبضہ پولیس میں لے لی گئیں، مارا گیا ڈاکو سانحہ ماچھکہ اور بھونگ میں پولیس اہلکاروں کی شہادت اور ظاہر پیر میں چار معصوم شہریوں کے قتل و سنگین جرائم میں ملوث تھا۔

اندھر گینگ کے ڈاکوؤں کی بڑی واردات کی نیت سے علاقہ میں موجودگی پر ایس ایچ او تھانہ ماچھکہ جام محمد اعجاز نے پولیس کی بھاری نفری اور ایلیٹ ٹیمز کے ہمراہ بھاری ہتھیاروں، بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ بھر پور تیاری کرتے ہوئے سوترکی کے مقام پر ناکہ بندی کر لی جونہی ڈاکوؤں کو مقام ناکہ بندی پر پولیس کی بھنک پڑی کو ملزمان شدید فائرنگ کرتے ہوئے پولیس پارٹی پر حملہ آور ہوئے پہلے سے تیار پولیس پارٹی نے بھر پور و موئثر جوابی فائرنگ و کارروائی کی جس کے نتیجہ میں اندھڑ اور سلطو شر گینگ کا سر گرم خطرناک ڈاکو بشیر عرف بشو شر مارا گیا

اور ڈاکوؤں کے پیر اکھڑ گئے اور وہ موقع سے فائرنگ کا تبادلہ کرتے ہوئے راہ فرار اختیار کر گئے جبکہ پولیس پارٹی کے تمام افسران و جوان آڑ میں ہوتے ہوئے مکمل طور پر محفوظ رہے، مارا گیا ڈاکو بشیر عرف بشو شر سانحہ ماچھکہ کے 12 پولیس اہلکاروں، بھونگ پکٹ پر 3 اہلکاروں کی شہادت کے ساتھ ساتھ ظاہر پیر میں ڈاکوؤں کے بزدلانہ حملہ میں قتل ہونے والے چار معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث و مطلوب تھا اس کے علاقہ ڈاکو بشیر عرف بشو شر اغواء برائے تاوان، قتل، ڈکیتی اور ہتھیار بند ہو کر سوشل میڈیا پر پولیس پر حملوں کی دھمکیاں دینے جیسے سنگین جرائم میں ملوث و ریکارڈی تھا،

پولیس نے ہلاک ڈاکو کی کلاشن کوف اور سینکڑوں گولیاں بھی حسب ضابطہ قبضہ میں لے لیں، ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے پولیس پارٹی کو جرات و بہادری کے ساتھ ڈاکوؤں سے مقابلہ کرتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ، کچہ میں پائیدار امن کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے پر عزم ہے، یہ رواں سال میں پولیس کی کچہ میں دوسری بڑی کامیابی ہے، ایسے ٹارگٹڈ بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ وقت کہ کچہ سے دہشت گرد عناصر اپنے منطقی انجام کو نہ پہنچ جائیں۔