اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا ہے کہ شہروں کے اندر کچی آبادیوں میں خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام کے لئے گورنمنٹ اور پرائیویٹ سیکٹرز کو ملکر کام کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرین سٹار کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات کے دوران کیا ۔
سی ای او گرین سٹار نے ڈاکٹر مختار بھرتھ کو وزیر مملکت کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ملاقات میں صحت اور بہبود آبادی کے انضمام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی ایک بڑا چیلنج ہے ،فیملی پلاننگ کے بارے میں شعور بیدار کرنے اور سستے مانع حمل کے ذرائع کو یقینی بنانا ہو گا ۔
اس موقع پر سی ای او گرین سٹار نے کہا کہ پنجاب میں 130 اور کے پی کے میں 70 زچہ بچہ سنٹر ز بنائے ہیں جہاں خاندانی منصوبہ کی سہولیات موجود ہیں ۔وزیرمملکت نے اس اقدام کوقابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مزید سنٹرز دوسرے صوبوں میں بھی بننے چاہئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572018