سکھر۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلی سندھ مقبول باقر نے کہا ہے کہ کچے میں ڈاکؤں کے خلاف موثر کارروائی کی جا رہی ہے ، جلد کرائم پر قابو پالیا جائے گا ، جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے میں خود نگرانی کر رہا ہوں ۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انهوں نے کہا کہ میں نے سکھر کے جن علاقوں کا دورہ کیا ہے وہاں پر سکھر کو پہلے سے بہتر پایا ہے۔ کچے میں ڈاکو خلاف آپریشن جاری ہے۔ کئی مغویوں کو بازیاب اور کئی ڈاکوؤں کو گرفتار کیا ہے ۔ابھی بھی بہت موثر کاروائیاں ہو رہی ہیں ۔انشاء اللہ کرائمز کا خاتمہ آپ بہت جلد دیکھیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ شہید جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے سر توڑ کوششیں جاری ہیں، قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے میں خود نگرانی کر رہا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جتنے کرپٹ لوگوں کے تبادلے ہم نے کیے ہیں شاید ہی پہلے کبھی ایسا ہوا ہو ۔ میرا کیریئر اور کام تمام لوگوں کے سامنے ہے ۔