سرگودھا۔28اگست (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت جعفر عمران نے بتایا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)شعیب علی کی ہدایت پر ضلع بھر میں مہنگے داموں کھاد فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ کھاد کے ذخیرہ اندوزں اور مہنگے داموں فروخت کرنے پر اب تک ڈیلرز کو مجموعی طور پر 19 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ 16 کے خلاف ایف آئی آر ز درج کروائی جا چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں تحصیل کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جس میں محکمہ زراعت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر، کھاد ڈیلرزاور کسانوں کے نمائندے شامل ہیں ، یہ کمیٹیاں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھادیں مارکیٹ میں وافر مقدار میں دستیاب ہیں، کسی بھی کھادکی کمی کا تاثر درست نہیں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تمام کھاد ڈیلز کی دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ کے پینا فلیکس جن پر سونا یوریا کھاد 3480 جبکہ دیگر یوریا کھاد 3411 روپے آویزاں ہے اور ساتھ ہی محکمہ کو شکایات درج کروانے کے لیے موبائل نمبر بھی آویزاں ہے، اگر کوئی کھاد ڈیلر سرکاری نرخ سے زیادہ قیمت پر کھادفروخت کرتا ہے تو اس کی شکایت ان نمبرز پر کی جا سکتی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کے مطابق اکثر کسان بھائی شکایات درج کرواتے ہیں جس پر فوری کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے ،اس کے علاوہ محکمہ زراعت کی خفیہ ٹیمیں بھی کھاد کے ریٹ وغیرہ کو چیک کرتی رہتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسان کی خوشحالی پاکستان کی معاشی ترقی کی ضمانت ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383587