کھلاڑیوں کا زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کھیلنے سے مورال بلند ہوتا ہے، ناصر اقبال

114
Mushaf Squash Complex
Mushaf Squash Complex

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):سکوائش کے انٹرنیشنل کھلاڑی ناصر اقبال نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کا زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کھیلنے سے ان کا مورال بلند ہوتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مصحف سکوائش کمپلیکس میں جاری چیف آف ائیر سٹاف انٹرنیشنل سکوائش چیمپئن شپ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے بعد سرکاری خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سکوائش کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،صرف کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے ایونٹ کی بھرپور تیاری کر رکھی ہے تاہم معمولی سی انجری بھی ہے، امید ہے کہ جلد اس سے چھٹکارہ حاصل کر لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مصر کے جس کھلاڑی کو میں نے پہلے شکست دی تھی وہ درجہِ بندی میں تیسری پوزیشن پر ہے۔ ناصر اقبال نے مین رائونڈ میں ملائیشیا کے حافظ ظعفری کو 1-3 اور پری کوارٹر فائنل میں مصر کے سیف الشنناوی کو 0-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔

کوارٹر فائنل میں ناصر اقبال نے اپنے ہم وطن حماد فرید کو 1-3 سے شکست دے کرسیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ سیمی فائنل مقابلے کل اتوار کو اور فائنل مقابلے پیر کو کھیلے جائیں گے۔ چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت مصر، ملائیشیا اور ہانگ کانگ کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔