اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثرآرائیں نے کہا ہے کہ حکومت اور سپورٹس تنظیمیں کھلاڑیوں کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے سیمینارز میں اس کے نقصانات کے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منشیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو نوجوان نسل کو معاشرتی برائیوں اور منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں منشیات کی لعنت ختم کرنے کے لئے اس وقت معاشرے کے ہر فرد کو اپنا، اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور تعلیمی اداروں میں اس منشیات کی لعنت سے بچنے اور اس کے نقصانات کے حوالے سے طلباء و طالبات کو آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بھی ممنوعہ ادویات کا استعمال نہیں کرنا چاہئے ، یہ ادویات انسانی زندگی کے لئے خطرناک ہیں اور جان لیوا ثابت بھی ہوسکتی ہیں۔