کھلاڑی ہمیشہ ملک کو ترجیح دیں اور گرائونڈ سے دھوکا نہ کریں، شاہین آفریدی

88
Shaheen Afridi
Shaheen Afridi

کراچی۔ 11 مارچ (اے پی پی):لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ کھلاڑی ہمیشہ اپنے ملک کو ترجیح دیں اور گرائونڈ سے دھوکے بازی نہ کریں۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے لئے گذشتہ شب نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہورقلندرز کے میچ کے بعد انہوں نے میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی باہر کی باتوں پر دھیان نہ دیں، باہر والے کبھی انہیں اونچادیکھنا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ہمیشہ اپنے ملک کو ترجیح دیں، کھلاڑی گرائونڈ سے دھوکے بازی نہ کریں کیونکہ گرائونڈ سے ہی ان کا کیرئیر وابستہ ہے۔لاہور قلندرز کے حوالے سے شاہین کا کہنا تھا کہ سورج کی روشنی ہمیشہ رہتی ہے، اس بار سورج کے آگے بادل چھاگئے، تمام کھلاڑی پاکستان اور قلندرز کی روشنی ہیں۔انہوں نے کھلاڑیوں کو تلقین کی کہ اگر اسٹار بنا ہے تو ہمیشہ فخر کے ساتھ کھیلیں۔

شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ سب نے انہیں بہت سپورٹ کیا جس کے لیے وہ شکر گزار ہیں، گزشتہ سال ٹرافی جیتنے کی خوشی تھی، اس بار سب فیملی کی طرح رہے اس کی زیادہ خوشی ہے، اب رمضان آرہے ہیں اپنے گھر والوں کیساتھ وقت گزاریں۔