کھلی ای کچہری سرمایہ کاری بورڈ میں عوامی رسائی کی باقاعدہ سرگرمی بن چکی ہے، اظفر احسن

52

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق سرمایہ کاری بورڈ پاکستان (بی او آئی) کے زیر انتظام، منعقد کی جانے والی کھلی کچہری سرمایہ کا ری بورڈ میں عوامی رسائی کی ایک باقاعدہ سرگرمی بن چکی ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ عوامی شکایات بالخصوص پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری سے متعلق شکایات کو دور کرنے کے لیے باقاعدگی سے ای کچہری کا اہتمام کرتا ہے۔

بدھ کو یہاں منعقدہ ای کچہری کی صدارت وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد اظفر احسن نے کی۔ اس موقع پر مختلف سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے اراکین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور چیلنجز کے حوالے سے اپنے سوالات اور تجاویز کے ساتھ سرمایہ کا ری بورڈ سے رابطہ کیا۔

بی او آئی سے جاری اعلامیہ کے مطابق ای کچہری میں اٹھائے گئے سوالات آسان فنانس، کمپنی کی رجسٹریشن، ون ونڈو آپریشن، سی پیک ، کاروباری ویزوں کا اجرا اور خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیڈز) وغیرہ پر مشتمل تھے۔ مزید برآں/بیرون ملک مقیم متعدد پاکستانیوں نے بھی سرمایہ کا ری بورڈ سے رابطہ کیا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بی او آئی کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان اور دیگر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے کچھ تجاویز اور سفارشات بھی پیش کیں۔ اجلاس کے دوران دیگر محکموں سے متعلق چند شکایات اور سوالات بھی اٹھائے گئے جن کے ازالہ کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ایڈیشنل سیکرٹری مکرم جاہ انصاری سمیت سرمایہ کاری بورڈ کے دیگر حکام بھی کچہری کا حصہ تھے۔

ای کچہری کا سیشن دو گھنٹے تک جاری رہا جو عوامی رسائی کے حوالہ سے ایک کامیاب اقدام تھا۔ زوم اور ٹیلی فون کے ذریعے متعلقہ سامعین سے بات کرتے ہوئے، ایڈیشنل سیکرٹری مکرم جاہ نے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے پراجیکٹ کی تجاویز اور مشاہدات سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ شیئر کریں تاکہ اہم معاملات پر مزید ہم آہنگی ہو سکے۔

اس موقع پر چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد اظفر احسن نے ای کچہری کو عوام تک رسائی اور سرمایہ کاری بورڈ کے مینڈیٹ سے متعلق ان کے مسائل اور خدشات کا موقع پر حل پیش کرنے کا ایک موثر ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سرگرمی سے عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے جب کہ حکومتی مشینری اور عام لوگوں کے درمیان تعلقات بھی مضبوط ہوتے ہیں۔