بھکر۔ 02 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بھکر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری کی بدولت ضلع کی عوام کو ریونیو سے متعلق امور کے حل میں خاطر خواہ ریلیف میسر آئے گا۔یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ کچہری ہر ماہ کے پہلے دفتری دو دنوں میں صبح 9 بجے سہ پہر 3 بجے تک جاری رہے گی جس کے دوران عوام کے ریونیو سے متعلقہ امور کو موقع پر حل کرنے کیلئے متعلقہ ریونیو افسران کو احکامات جاری کئے جاتے ہیں ۔
کھلی کچہری میں عوامی ریونیو مسائل انتقالات کا اجرا،رجسٹری معائنہ ریکارڈ،انکم سر ٹیفکیٹ ، ڈومی سائل کے اجراسمیت دیگر متعلقہ ریونیو عوامی امور کا موقع پر ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔ریونیو عوامی خدمت کچہری کے دوران ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے عوام کے مسائل سنے اور موقع پر موجود ریونیو افسران کو احکامات جاری کئے ۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع کی عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اپنے ریونیو امور کے حل کےلئے ہر ماہ لگائی جانیوالی ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری میں آئیں تاکہ ان کے مسائل کو موقع پر حل کیا جا سکے