کھلے جھوٹ اور فرضی لاشوں کی خیالی کہانیوں کے بعد فوج پر الزام تراشی قابل مذمت ہے، سینیٹر عرفان صدیقی

77
Senator Irfan-ul-Haq Siddiqui
Senator Irfan-ul-Haq Siddiqui

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ”فائنل کال” کی شرمناک پسپائی کے بعد اپنے فسطائی حربوں پر غور کرنے کی بجائے عمر ایوب نے افواج پاکستان میں تفرقہ ڈالنے اور بغاوت پر اکسانے کی نہایت مذموم کوشش کی ہے،کھلے جھوٹ اور فرضی لاشوں کی خیالی کہانیوں کے بعد فوج پر الزام تراشی قابل مذمت ہے۔

جمعہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ سیاست کے لبادے میں ریاست پر حملہ کرنے والے لشکروں کی مزاحمت کے لئے آئین اور قانون فوج سمیت تمام سیکورٹی ایجنسیز کو واضح کردار دیتے ہیں لیکن پی ٹی آئی کی حالیہ یلغار کے دوران فوج سمیت نہ کسی سیکورٹی ایجنسی نے گولی چلائی نہ کسی کو گولی چلانے کا حکم دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کھلے جھوٹ اور فرضی لاشوں کی خیالی کہانیوں کے بعد فوج پر الزام تراشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بہر حال طے کرنا پڑے گا کہ کیا پی ٹی آئی واقعی سیاسی جماعت ہے؟