کھڑی شریف میں کامیاب جلسہ سے ثابت ہوگیا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی ،علی امین گنڈاپور

81

کھڑی شریف، چڑھوئی۔3جولائی (اے پی پی):پی ٹی آئی نے حلقہ ایل اے 4 کھڑی شریف میں بڑا پاور شو کیا،ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے جلسہ کو کامیاب بنایا،پی ٹی آئی کے کامیاب پاور شو نے تاریخ رقم کردی اور یہ ثابت کردیا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کرنے جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور نے یہاں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہوتے ہی 500 ارب کا میگا ترقیاتی پیکج دیں گے، انہوں نے کہا کہ رٹھوعہ ہریام برج کے لیے کمپنی نے ایک ارب روپے مانگے جو ہم نے دیا پھرتین ارب روپے مزید مانگے وہ بھی ہم نے دیے لیکن حکومت آزاد کشمیر نے یہ فنڈز پل پر خرچ نہ کیے،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی حکومت قائم ہوتے ہی پہلی ترجیح میں پل کی تعمیر کا کام مکمل کروائیں گے،ان ڈاکو ئوں اور چوروں نے آپ کو کیا دینا ہے انشاء اللہ ہم منگلا،جاتلاں میرپور،مظفرآباد اور آزاد کشمیر بھر میں 4 ایم روڈ تعمیر کروائیں گے۔

انہوں نے لوگوں سے کہا کہ آپ نے عمران خان کے وکیل اور سپاہی بن کر گھر گھر عمران خان کا پیغام پہنچانا ہے۔جب ہم نے حکومت سنبھالی تو خزانہ خالی تھا ان چوروں اور لیٹروں نے قومی خزانے کو لوٹا،لیکن عمران خان کی اللہ تعالیٰ نے مدد کی اور آج ملک تعمیروترقی کی منازل طے کررہا ہے،وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ تھر میں پانی نہیں اور سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے،ہسپتالوں میں دوائی نہیں،سکولوں میں استاد نہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں میرپور سے کہ رہا ہوں 2023ء میں سندھ کو نیا پاکستان دیں گے، ہمارا لیڈر جہاں جاتا ہے کشمیر کی وکالت کرتا ہے سابق وزیراعظم و صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ جس طرح پاکستان میں عمران خان نے کرپٹ مافیا اور کرپٹ ٹولے کا احتساب کیا ہم بھی آزاد کشمیر میں کرپٹ مافیا کی چیخیں نکالیں گے،فاروق حیدر کی میرپور سے دشمنی ہے جس نے زلزلہ متاثرین کی کوئی مدد نہ کی،ہم حکومت قائم کرتے ہی متاثرین زلزلہ کی داد رسی کریں گے،سوئی گیس،ہسپتال اور میرپور میں ائیرپورٹ قائم کریں گے، 25 جولائی کو عوام بلے پر مہریں لگا کر تحریک انصاف کو کامیاب کروائیں اور ان شاء اللہ 25 جولائی سے قبل وزیراعظم عمران خان میرپور آئیں گے۔

کھڑی کے کامیاب جلسےنے یہ ثابت کردیا ہے کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں حکومت قائم کرنے جارہی ہے،امیدوار اسمبلی چوہدری ارشد حسین نے کہا کہ عوام بلے پر مہریں لگا کر جعل سازوں کو نشان عبرت بنائیں گے اور ان کرپٹ مافیا کا ٹھکانہ جیل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کھڑی شریف کے عوام نے آج کامیابی کی نوید سنا دی ہے آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی حکومت قائم کر کے عوامی محرومیوں کا ازالہ کریں گے ۔ جلسہ سے سابق امیدوار اسمبلی و مرکزی رہنما پی ٹی آئی آزاد کشمیر راجہ نوید اختر گوگا،مرکزی رہنما پی ٹی آئی آزاد کشمیر چوہدری فاروق منیر ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر معروف چوہدری اور چوہدری قاسم محمود ایڈووکیت نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دئیے۔

جلسے میں وفاقی وزیر برائےامور کشمیر علی امین گنڈاپور،وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید اور سابق وزیراعظم و صدر تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔جلسہ گاہ پہنچنے پر معزز مہمانوں کااہلیانِ چڑھوئی کی جانب سے مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا گیا ، فضا کشمیر کا سفیر، عمران خان عمران خان کے نعروں سے گونج اٹھی ۔سابق وزیراعظم و صدر تحریک انصاف بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ چڑھوئی کی سیٹ پی ٹی آئی نے جیت لی ہے ، عوامی سمندر اس بات کا ثبوت ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے مسئلہ کشمیر کے بیانیہ کو پسند کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کی عوام کے لئے صحت کارڈز فراہم کئے ہم اقتدار میں آکر تمام مسائل حل کریں گے۔