کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو مثبت طریقے سے اپنی توانائیاں استعمال کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اولمپکس ویلیج کی تعمیر کے حوالے سے اجلاس

108
شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اولمپکس ویلیج کی تعمیر کے حوالے سے اجلاس

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے، کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو مثبت طریقے سے اپنی توانائیاں استعمال کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں، حکومت نے ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے، حکومت نے پاکستان میں سپورٹس کی ترقی اور کھیلوں کے فروغ کیلئے قومی پروگرام کا آغاز کیا، حکومت نے اسلام آباد میں پاکستان کی پہلی سپورٹس یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا، اولمپک ویلیج قومی منصوبہ ہے، اولمپک ویلیج کی تعمیر کیلئے کارپوریٹ سٹرکچر بنایا جائے اور اس کی تعمیر کی نگرانی ماہرین کریں۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں اولمپکس ویلیج کی تعمیر پر اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں سابق ارکان قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری، حنیف عباسی، انجم عقیل، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں مارگلہ کے دامن میں 1200 کنال پر اولمپکس ویلیج تعمیر کیا جائے گا۔ اولمپکس ویلیج میں بین الاقوامی معیار کی کھیلوں کی سہولیات جن میں کرکٹ اکیڈمی، بین الاقوامی کرکٹ سٹیڈیم، ہاکی گرائونڈ، ٹینٹ پیگنگ، ایتھلیٹکس سٹیڈیم، ان ڈور سپورٹس، انٹرنیشنل ہوٹل اور پارکنگ کے ساتھ ساتھ دیگر سہولہات بھی مہیا کی جائیں گی۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اولمپکس ویلیج کی تعمیر کیلئے 3 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے اولمپکس ویلیج کی تعمیر میں شفافیت کے عنصر کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔