کھیل نوجوانوں میں اخلاقیات، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرتے ہیں، مومنہ باسط

146

ایبٹ آباد۔ 13 اگست (اے پی پی):سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی مومنہ باسط نے کہا ہے کہ کھیل نوجوانوں کی کردار سازی، قائدانہ صلاحیتوں اور اہداف کے تعین میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور نوجوانوں اخلاقیات، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز نواں شہر گرائونڈ میں جاری پہلے آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہیں بلکہ ان سے وقت کی پابندی اور زندگی کے اصول سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل ہماری زندگیوں میں بڑی اہمیت کے حامل ہیں، کھیل ہمیں تندرست رکھنے اور ذہنی طور پر مضبوط بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں، کھیلوں کی بدولت معاشرہ میں منفی رجحانات کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے، کھیلوں کی بدولت آپس میں میل جول بڑھتا ہے جو موجودہ دور میں انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کے گرائونڈ آباد ہوں گے وہاں کے ہسپتال ویران ہوں گے، کھیلوں سے جسم ترو تازہ، چاق و چوبند اور صحت مند رہتا ہے، وہ ایبٹ آباد میں فٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقاد پر آرگنائزنگ کمیٹی کی بے حد مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں منشیات جیسی لعنت کے خاتمہ کے لئے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہو گا، منشیات کی لعنت نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پہنچا رہی ہے، نوجوانوں کو تباہی کی دلدل سے نکالنے کے لئے ہر شخص کو کردار ادا کرنا ہو گا اور کھیل اس سلسلہ کی ایک مضبوط کڑی ہے۔ اس موقع پر ریجنل سپورٹس آفیسر احمد زمان، صدر فٹ بال ایسوسی ایشن ایبٹ آباد عادل خان جدون اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مومنہ باسط نے آرگنائزنگ کمیٹی کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔